بیلتنگڈی ، 28 / جولائی (ایس او نیوز) شراب کے نشے میں دھت ہو کر چلائی جا رہی ایک جیپ کی ٹکر سے بائک سوار شخص شدید زخمی ہوا اور اس کی دس سالہ بیٹی فوت ہوگئی ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق گروپرساد گوکھلے (40 سال) بائک پر اپنی بیٹی آرگھیا (10سال) کے ساتھ اوجیرے میں موجود اپنے کرایے کے مکان سے کملنجا کوڈیچی میں واقع آبائی گھر کی طرف جا رہا تھا ۔ اس دوران نیشنل ہائی وے کے سیتو مونداجے کے مقام پر ایک تیز رفتار جیپ نے اس کی بائک کو ٹکر ماری جس سے باپ بیٹی دونوں شدید زخمی ہوگئے ۔
بتایا جاتا ہے کہ شراب کے نشے میں دھت نوجوانوں کے گروپ نے اپنی جیپ نہیں روکی اور جنگلاتی علاقے کی طرف فرار ہوگئے ۔ سنگین طور پر زخمی آرگھیا کو فوراً اوجیرے کے اسپتال میں منتقل کیا گیا اور وہاں سے بیلتنگڈی کے سرکاری اسپتال کی طرف لے جانے کے دوران اس نے دم توڑ دیا ۔ آرگھیا کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ اوجیرے کے ایک پرائیویٹ انگلش میڈیم اسکول میں چوتھی جماعت میں زیر تعلیم تھی اور بڑی ہونہار طالبہ تھی ۔ گرو پرساد کی ہڈیوں میں فریکچر آئےہیں اور اوجیرے کے اسپتال میں وہ زیر علاج ہے ۔
حادثہ کا سبب بننے والے نوجوان جب جنگلاتی راستے نکل کر واپس مین روڈ پر آئے تو وہاں پر موجود لوگوں نے ان کی جیپ روک لی اور انہیں پکڑ کر بیلتنگڈی پولیس کی تحویل میں دے دیا ۔ پتہ چلا ہے جیپ میں چار نوجوان تھے جن میں سے ایک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔
بیلتنگڈی پولیس نے تحویل میں لی گئی جیپ اور اس میں موجود تین نوجوانوں کو اگلی کارروائی کے لئے دھرمستھلا پولیس کی حراست میں دے دیا ۔